اسلام آباد، 03 جون (اے پی پی): عالمی یومِ بائیسکل کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں ماحولیاتی تحفظ اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے “سرسبز مستقبل کے لیے سائیکلنگ” کے عنوان سے ایک خصوصی سائیکلوتھون کا انعقاد کیا گیا۔ ‘ارلی برڈ رائیڈرز’ کے زیرِ اہتمام پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ اس ریلی میں شہریوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ارلی برڈ رائیڈرز کے چیئرمین ظہیر الدین خواجہ کا کہنا تھا کہ سائیکل صرف ایک سواری نہیں بلکہ صاف ستھرے شہروں، سستی ٹرانسپورٹ، پائیدار برادریوں اور ایک صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔تقریب کے دوران آرگنائزرز کی جانب سے شرکاء کو سائیکلوں کی فراہمی بھی کی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس صحت مند سرگرمی کا حصہ بن سکیں۔ ریلی کے اختتام پر منتظمین نے ایک سرسبز، صحت مند اور بہتر پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔











