پاکستان سے دوستی پر بھارت کی بے چینی؛ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا نئی دہلی کو کرارا جواب

10

اسلام آباد، 4 جون (اے پی پی): ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے پاک ترک مضبوط اور برادرانہ تعلقات پر بھارتی حکومت کی بے چینی کو عالمی سطح پر بے نقاب کرتے ہوئے نئی دہلی کو دوٹوک جواب دیا ہے۔

بھارتی معروف جریدے “ہندوستان ٹائمز” کی رپورٹ کے مطابق، سنگاپور میں ‘انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز’ کے ایک خصوصی لیکچر کے دوران ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے بھارتی خارجہ پالیسی کے منفی رویوں کو واضح کیا۔ انہوں نے واشگاف لفظوں میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ ترکیہ کے قریبی اور برادرانہ تعلقات بھارت کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں، اور نہ ہی بھارت کو ترکیہ کی پاکستان کے ساتھ اس مخلصانہ دوستی کو اپنے خلاف کوئی دشمنی یا غلط اقدام سمجھنا چاہیے۔

ترک وزیرِ خارجہ نے بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ ترکیہ دنیا کا واحد ملک نہیں ہے جس کے پاکستان کے ساتھ اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں، بلکہ دنیا کے اور بھی بہت سے ممالک پاکستان کے قریبی دوست ہیں۔ انہوں نے بھارتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان سے اچھے تعلقات کی بنیاد پر بھارت کسی بھی ملک کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرنا شروع کر دے، تو اس مضحکہ خیز طرزِ عمل پر کیا ہی کہا جا سکتا ہے۔

ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کے مابین دہائیوں سے انتہائی قریبی سیاسی، سفارتی اور دفاعی تعلقات قائم ہیں، جبکہ اقوامِ متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر دیرینہ مسئلہ کشمیر پر بھی ترکیہ ہمیشہ سے پاکستان کا مضبوط حامی رہا ہے۔

بین الاقوامی امور کے ماہرین کا اس صورتحال پر تجزیہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ترک وزیرِ خارجہ کے اس واضح اور دلیرانہ بیان نے ایک بار پھر بھارتی خارجہ پالیسی کی کمزوریوں اور اس کی سفارتی تنہائی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق، بھارت کا یہ پرانا اور متعصبانہ رویہ رہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے والے ہر ملک کو اپنا دشمن تصور کرنے لگتا ہے۔ عالمی سطح پر تیزی سے بدلتے ہوئے حالات اب بھارت کو یہ سبق دے رہے ہیں کہ دیگر خود مختار ممالک کے آزادانہ سفارتی فیصلوں کا احترام کرنا ہی ایک مؤثر اور بالغ نظر خارجہ پالیسی کی بنیاد ہوتا ہے۔