وفاقی وزرا عطاء اللہ تارڑ اور اعظم نذیر تارڑ سے مسیحی برادری کے نمائندہ وفد کی ملاقات

3

اسلام آباد، 04 جون ( اے پی پی):  وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے رکنِ قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی کی قیادت میں مسیحی برادری کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں اقلیتوں کے حقوق، قانونی اصلاحات، مسیحی پرسنل لاز میں مجوزہ ترامیم اور برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ سمیت حالیہ قانون سازی اور قومی کمیشن برائے اقلیتیں (NCM) کے ذریعے مساوی مواقع کی فراہمی کے حکومتی عزم کو سراہا، جبکہ مسیحی پرسنل لاز کے حوالے سے اپنی آراء اور سفارشات بھی پیش کیں۔ اس موقع پر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے آئین کے مطابق تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی فراہمی اور جامع پالیسی اصلاحات کے لیے مسلسل مشاورتی عمل کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وفد کی تعمیری آراء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مساوی شہریت کے فروغ کے لیے عوامی پالیسیوں میں تمام شہریوں کی ضروریات کا انعکاس ضروری ہے۔ ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پیش کی گئی سفارشات کا جائزہ لینے اور مسیحی پرسنل لاز سمیت دیگر تصفیہ طلب امور کے حل کے لیے مستقبل میں بھی مؤثر مشاورت اور غور و خوض کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔