ملتان ، 08 جون )اے پی پی ): کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی، سیکیورٹی انتظامات اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام سے تعاون کی خواہاں ہے اور ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے مکمل اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی، بین المسالک ہم آہنگی اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام محکمے متحرک ہیں۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ رواداری، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام ہر مسجد اور منبر سے عام کیا جائے۔ اجلاس میں جمعہ کے خطبات میں بھی اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دینے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے پیش نظر مرکزی جلوسوں کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ، فسیلیٹیشن کیمپ اور کلینک آن ویلز قائم کیے جائیں گے جبکہ زائرین اور عزاداروں کی سہولت کے لیے ملتان ڈویژن میں 14 مستقل سبیل پوائنٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ سبیلوں کے قیام کے لیے طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے جبکہ سائبر پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو جلوسوں کے راستوں سے لٹکتی تاریں، خراب ٹرانسفارمرز اور کھلے مین ہولز فوری طور پر ختم کرنے، پیچ ورک اور مرمتی کام مکمل کرنے اور تمام اسٹریٹ لائٹس فعال رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ضلع اور تحصیل میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے جبکہ محرم الحرام کے دوران نجی ڈرونز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ مون سون بارشوں کے پیش نظر جلوس کے راستوں سے بارشی پانی کے فوری نکاس کے لیے بھی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے پہلے دس روز کے دوران ملتان ڈویژن میں مجموعی طور پر 907 جلوس اور 3173 مجالس منعقد ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں 160 اے، 380 بی اور 367 سی کیٹیگری کے جلوس جبکہ 507 اے، 1010 بی اور 1656 سی کیٹیگری کی مجالس منعقد ہوں گی۔
آر پی او کے مطابق ضلع ملتان میں سب سے زیادہ 484 جلوس اور 1533 مجالس منعقد ہوں گی جن کے لیے حساس مقامات پر خصوصی سیکیورٹی تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے اور ڈویژن بھر میں 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسران فرائض انجام دیں گے۔
اجلاس میں شریک علماء کرام نے کہا کہ محرم الحرام صبر، برداشت، ایثار اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور امن کی فضا قائم رکھنے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق، ایڈیشنل کمشنر کریم بخش، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور علماء کرام نے بھی شرکت کی۔











