ملتان ،9جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے محرم الحرام کے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ملتان کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، شریک چیئرمین بلال یاسین اور صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے مرکزی جلوس کے روٹس، امام بارگاہ حضرت شاہ شمسؒ اور دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جامع ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں امن کمیٹیوں کے اجلاس مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے اور سوشل میڈیا پر بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
بلال یاسین نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ محکمہ داخلہ اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز فعال کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عزاداروں کے لیے سبیل اور لنگر کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور محرم الحرام سے قبل زیر تعمیر سڑکوں کی مرمت کا کام مکمل کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ خواتین کے تحفظ کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کی خصوصی تعیناتی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قیام امن حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ ادارے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔
دورے کے دوران سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ڈی آئی جی سپیشل برانچ سجاد منج، کمشنر ملتان عامر کریم خاں، آر پی او عثمان گوندل، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ملتان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ کمیٹی نے سکیورٹی، ٹریفک، صفائی، روشنی اور ہنگامی امدادی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔











