ملتان میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل

4

ملتان، 9جون (اے پی پی ):  وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس ملتان میں منعقد ہوا۔  اجلاس میں کمشنر ملتان عامر کریم خان اور آر پی او عثمان گوندل نے محرم الحرام کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا  کہ ملتان ڈویژن میں مجموعی طور پر 907 جلوس اور 3173 مجالس کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، سکیورٹی پلان کے تحت 82 مقررین و ذاکرین کی ضلع بندی جبکہ 60 افراد کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ مزید برآں 238 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس کی معاونت کیلئے پاک فوج کی 5 اور رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی اپنے اضلاع کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں اور اسے پُرامن بنانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی صورتحال محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے جبکہ تمام مکاتب فکر کے علماء اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سبیلوں کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں اور امن کمیٹیاں صوبے بھر میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ سید عاشق حسین کرمانی نے جلوسوں کے راستوں پر سبیلوں کے قیام اور رضاکاروں کی لازمی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ہدایت کی کہ سائبر پٹرولنگ سیل فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائیں جبکہ تمام اضلاع محرم آن لائن پورٹل پر بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطوں اور مربوط حکمت عملی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، کو چیئرمین بلال یاسین، صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سمیت اعلیٰ سول و پولیس حکام نے شرکت کی۔