اسلام آباد،09 جون(اے پی پی ): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے اور اس کا مقصد صرف مالی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ انسانی ترقی اور معاشی خودمختاری کو فروغ دینا بھی ہے،یہ پروگرام معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کو بااختیار بنانے اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں سماجی تحفظ پر ہائی لیول پالیسی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مستحق خاندان باصلاحیت اور محنتی ہیں اور مؤثر سماجی تحفظ انہیں بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کا اعتماد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط سماجی تحفظ تعلیم، روزگار اور انسانی سرمائے میں اضافے کا ذریعہ بنتا ہے جبکہ بی آئی ایس پی تعلیم، ماں اور بچے کی صحت اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے مختلف پروگراموں پر عمل پیرا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر ہنرمند پروگرام خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے اور بی آئی ایس پی کے پاس مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ، جامع ڈیٹا اور مؤثر شراکت داری کا نظام موجود ہے۔انہوں نے زور دیا کہ سماجی تحفظ کے نظام کو مزید جامع، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مسلسل سیاسی عزم اور وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے، کیونکہ سماجی تحفظ خیرات نہیں بلکہ معیشت، روزگار اور انسانی ترقی میں سرمایہ کاری ہے۔











