پشاور،09 جون (اے پی پی): حسن خیل کے علاقے میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 اہلکار وطن پر قربان ہو گئے۔شہداء کی نماز جنازہ فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پشاور میں ادا کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
محسن نقوی اور طلال چوہدری نے شہداء نائیک عامر، لانس نائیک محمد یوسف، لانس نائیک محمد ریاض، سپاہی اجمیر، احسان اور ریاض کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے کو سراہا اور دلاسہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہداء کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور شہداء کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکسو ہے۔ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔
نماز جنازہ میں آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔











