ملتان 09، جون (اے پی پی):ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے دریائے چناب پر تیسری عملی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔
ملتان: حکومت پنجاب، پی ڈی ایم اے اور سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) ملتان نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی قیادت میں دریائے چناب کے مقام ہیڈ محمد والہ پل کے قریب ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے بڑی سطح پرتیسری عملی مشقوں کا انعقاد کیا۔
ان عملی مشقوں میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور اس کے ر ضاکاروں، لائیوسٹاک، ہائی وے پیرا فورس، سیف سٹی ملتان، میٹروپولیٹن کارپوریشن، سول ڈیفنس،سوشل ویلفیئر،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ تمام اداروں نے اپنی پیشگی طے شدہ ذمہ داریوں کے مطابق کیمپس قائم کیے اور فرضی سیلابی حالات میں اپنی خدمات کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔مشقوں کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریوینیو) ملتان مدثر نواز تھے ان عملی مشقوں میں پاک آرمی،اور پی ڈی ایم اے کے عہددراں نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرملتان نے مشقوں کا معائنہ کیا اور ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں کی تیاریوں کو سراہا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں،ایمرجنسی آفیسر اپریشنل محمد بلال، کنٹرول روم انچارج مدثر ضیاء اور ریسکیو سیفٹی افیسر محمد ارشد خان نے مہمان خصوصی کو ریسکیو کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فرضی مشق میں کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور فیلڈ ہسپتال منتقلی کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ تیراکی کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو کرنے اور غوطہ خوروں نے ڈوبتے ہوئے افراد کو بچانے کی مہارتیں بھی پیش کیں
تیسری پری فلڈ موک ایکسرسائز دو روز جاری رہی جس مین دن کے اوقات میں واٹر ریسکیو آپریشنز کی عملی مشقوں کے ساتھ ساتھ نائٹ واٹر ریسکیو آپریشن کی ریہرسل بھی کا میابی سے انجام دی گئی۔
انسڈنٹ کمانڈ پوسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا رابطہ ایمرجنسی کنٹرول روم اور ضلعی کنٹرول روم سے مربوط رہا، تیسری پری فلڈ موک ایکسرسائز کے دوران بطور ایمرجنسی آفیسرمحمد بلال نے اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام آپریشنل تیاریوں کو نہایت منظم انداز میں مکمل کیا۔ جس کی وجہ سے واٹر ریسکیو ٹیم کی تیاری اور کوآرڈینیشن نمایاں رہی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی تیاریوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ ریسکیو1122 اور دیگر ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد اداروں کے مابین ہم آہنگی، وسائل کی جانچ، اور ریسپانس کی بروقت تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 ملتان ممکنہ سیلابی صورتحال اور دشمن ملک کی آبی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔انہوں نے ریسکیورز کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا فخر ہیں اور دوسروں کے لیے رول ماڈل بھی، جس جذبے سے آپ روزانہ عوام کی خدمت کرتے ہیں، اسی طرح خود کو ممکنہ سیلابی ایمرجنسی کے لیے بھی تیار رکھیں۔
ریسکیو 1122 ملتان ہر قسم کی ایمرجنسی میں متاثرین کی بروقت مدد کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے۔











