وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، زیرِ تربیت اے ایس پیز سے ملاقات

2

اسلام آباد، 11 جون)اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ تربیت اے ایس پیز سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ پیشہ ورانہ و تربیتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

زیرِ تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ پولیسنگ کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں عوام کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کریں۔

محسن نقوی نے کہا کہ زیرِ تربیت اے ایس پیز ملک کا مستقبل ہیں، اور مجھے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے ایس پیز کو بہترین تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ایلیٹ ٹریننگ کے پہلے بیچ کا جلد آغاز کیا جائے گا، کیونکہ ان کے مطابق جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت ہی مؤثر پولیسنگ کی ضمانت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں تربیتی اور رہائشی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران، وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے زیرِ تعمیر ہاسٹل کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے تیار شدہ ماڈل روم کا جائزہ لیا، ضروری تبدیلیوں کی ہدایت کی اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔

اس اہم دورے کے موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔