اسلام آباد،12 جون(اے پی پی): پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت مالی سال 2026-27 میں سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 760.950 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔سرمایہ کاری بورڈ کے پانچ جاری منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سہولتوں میں بہتری اور اقتصادی سرگرمیوں کے استحکام کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ منصوبوں میں سی پیک انڈسٹریل کوآپریشن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے لیے وسائل کی فراہمی، سرمای کاری بورڈ میں ریگولیٹری اصلاحات اور ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ کے اقدامات شامل ہیں۔اسی طرح اسلام آباد کے خصوصی اقتصادی زون میں ون سٹاپ سروس منصوبے کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ماڈل سپیشل اکنامک زون کے قیام کے لیے فزیبلٹی سٹڈی اور زمین کی خریداری کا منصوبہ بھی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔دستاویزات کے مطابق 30 جون 2026 تک ان منصوبوں پر متوقع اخراجات 766.018 ملین روپے تک پہنچنے کا تخمینہ ہے، جبکہ سرمایہ کاری بورڈ کے منصوبوں کی مجموعی لاگت 5,930.331 ملین روپے مقرر کی گئی ہے











