اسلام آباد، 12 جون (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو “عوام دوست” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے موجودہ مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
‘اے پی پی’ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ موجودہ معاشی صورتحال میں حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کا واضح اظہار ہے۔ تہمینہ دولتانہ نے مزید کہا کہ بجٹ میں صحت اور تعلیم سمیت تمام اہم شعبوں کے لیے ریلیف اور ترقیاتی اقدامات کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ عام شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ بجٹ میں شامل یہ دور اندیش اقدامات ملک میں معاشی استحکام لانے اور عوامی سہولتوں میں بہتری کا باعث بنیں گے۔











