لاہور، 14 جون (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کمالیہ پہنچے جہاں سابق رکن قومی اسمبلی بیلم حسنین کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت، غریبوں کی فلاح اور مزدور و کسان طبقے کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی، عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے اور سرکاری ملازمتوں کے دروازے کھولے گئے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ غریب عوام کے مسائل کا حقیقی احساس صرف پیپلزپارٹی کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پیپلزپارٹی کا تاریخی اقدام ہے اور اس پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی وراثت موجود ہے، عوامی فلاح کے منصوبے جاری رہیں گے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سندھ میں عوام کو صحت کی جدید سہولیات کم خرچ پر فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کسانوں اور کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اقتدار میں آ کر نوجوانوں کو روزگار اور کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کیا اور عوامی ریلیف کے متعدد منصوبے متعارف کرائے۔ گورنر پنجاب نے اظہارِ امید کیا کہ آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وہ پنجاب کے کونے کونے میں پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچائیں گے اور پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی امید ظاہر کی کہ وہاں عوام پیپلزپارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔











