اسلام آباد،14 جون (اےپی پی): رکن قومی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے وفاقی بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران کہا کہ پاکستان اپنی مؤثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پرچم اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے پختونوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی۔ ثمر ہارون بلور نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بدامنی عروج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما مسلسل سرگرم دکھائی دیتے ہیں، مگر صوبے میں گزشتہ 13 سال سے ان کی حکومت ہونے کے باوجود عوامی فلاح کے لیے نمایاں اقدامات نظر نہیں آتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مناسب اضافہ کیا گیا ہے۔











