امریکہ۔ایران امن معاہدے کا اعلان پاکستان کے لیے باعث فخر اور عالمی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، وفاقی وزیر خزانہ

3

اسلام آباد،15 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکہ۔ایران امن معاہدے کا اعلان پاکستان کے لیے باعث فخر اور عالمی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر امریکی اور ایرانی قیادت کے اعتماد اور پاکستانی قیادت کی مسلسل، مخلصانہ اور انتھک ثالثی کوششوں نے معاہدے کو حتمی مرحلے تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کی لسٹنگ کے موقع پر منعقدہ گونگ تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اعلان سے خطے اور پاکستان کے لیے مثبت امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ مہینوں کے دوران پاکستان نے تنازع کے ابتدائی معاشی اثرات کو مؤثر انداز میں سنبھالا ہے جبکہ امن معاہدہ متوقع ثانوی اور مزید معاشی اثرات کے خدشات میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوگا، جس سے آئندہ مالی سال کے لیے معاشی منظرنامہ بہتر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مضبوط کارکردگی اور سرمایہ کاروں کی بڑھتی شمولیت معیشت پر اعتماد کی عکاس ہے جبکہ خصوصاً نوجوان سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں بڑھتی شمولیت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا سرمایہ کاری کے ذریعے اعتماد کا اظہار پاکستان کی معاشی سمت پر مضبوط اعتماد کی علامت ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سروس لانگ مارچ ٹائرز کی لسٹنگ پاکستان کی سرمایہ منڈیوں اور صنعتی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سروس لانگ مارچ ٹائرز ایک کامیاب مشترکہ صنعتی منصوبہ ہے جو عالمی وبا کے دوران ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا اور چینی مہارت و سرمایہ کاری کی نمایاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں بزنس ٹو بزنس روابط کلیدی کردار ادا کریں گے اور سروس لانگ مارچ اس کی نمایاں مثال ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سرمایہ کاری، سرمایہ منڈیوں کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔