اسلام آباد،15 جون(اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتی برادریوں کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مجوزہ 7 فیصد اضافہ موجودہ مہنگائی کے تناظر میں ناکافی ہے، اس میں مزید اضافہ کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس 27-2026 کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اقلیتی برادریوں کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں مزید سہولت اور تحفظ حاصل ہوگا۔ انہوں نے اقلیتوں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ بڑھانے کی بھی سفارش کی تاکہ انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں مزید اضافہ کیا جانا چاہیے تاکہ متعلقہ برادریوں کو بہتر سہولیات حاصل ہو سکیں۔رکن قومی اسمبلی نے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن کے قیام کے لیے پاکستان نے مؤثر اور مثبت کردار ادا کیا ہے، جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران تنازع کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے موجودہ حکومت، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔











