وزیر بلدیات کی زیر صدارت اجلاس، عشرہ محرم میں صفائی اور مون سون سے پہلے ڈرینز کی سلٹنگ کا جائزہ

2

لاہور16جون(اے پی پی):   وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی آفس میں ایک اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات کی صفائی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر مون سون سیزن شروع ہونے سے پہلے ڈرینز کی صفائی کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین جبکہ تمام ضلعی سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے تمام ایم ڈیز کو صفائی کے پلان بروقت مکمل کر کے بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ محرم میں صفائی کیلئے سُتھرا پنجاب کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کا معمول سے زیادہ خیال رکھا جائے۔ میونسپل چیف آفیسرز عزاداروں کو دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ میونسپل ادارے عزاداروں کیلئے ٹھنڈے پانی کا انتظام بھی کریں گے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ مون سون سے پہلے ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کا کام مکمل کر لیا جائے۔ ڈپٹی کمشنرز ڈرینز کی صفائی کے آپریشنز کی نگرانی کریں۔ اس حوالے سے کوئی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔