وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،صوبائی کابینہ کی مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کی منظوری

1

لاہور، 16 جون (اے پی پی):  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے بجٹ دستاویزات پر دستخط کیے جبکہ صوبائی کابینہ نے خصوصی اجلاس سے قبل بجٹ کی متفقہ منظوری دی۔ صوبائی کابینہ کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مالی مشکلات اور عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود حکومت پنجاب نے عوامی فلاح و بہبود، ترقی اور ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کی گئی ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے اور نئے مالی سال کا بجٹ بغیر کسی نئے ٹیکس کے پیش کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ کی توجہ عوامی ترقی، خوشحالی اور ریلیف پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح عوام کی توقعات پر پورا اترے گی اور صوبے میں ترقی کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا۔ مریم نواز شریف نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور بجٹ کی تیاری میں شریک تمام افسران و اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک یونٹ کے طور پر کام کیا اور بجٹ کی تیاری میں غیرمعمولی محنت کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو صوبائی محصولات میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو واجب الادا حصہ دینے کے باعث مالی دباؤ کا سامنا رہا، تاہم اس کے باوجود حکومت پنجاب نے ہر ممکن کوشش کی کہ عوام پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امید، ترقی اور عوامی خدمت کا بجٹ ہے اور حکومت اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اور ان کی ٹیم کو پنجاب کے عوام کی خلوصِ نیت سے خدمت کرنے کی مزید توفیق عطا فرمائے۔