اسلام آباد، 16جون (اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحاق صدیقی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کامیاب سفارت کاری کے ذریعے دنیا کو امن کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور تیسری عالمی جنگ کے خطرات کو ٹالنے کی کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 کے اجلاس میں منگل کے روز اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں مالی خسارے پر قابو پانے کی کوشش ایک مثبت اقدام ہے جبکہ پرائمری سرپلس کو برقرار رکھنا مالیاتی استحکام کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے کاروباری مواقع پیدا ہوئے ہیں جو خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی ترقی کے شعبے کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جانے چاہئیں جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی مزید اضافہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ٹیکس نیٹ میں توسیع کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جنگلات میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ماحولیاتی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔











