اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی نزہت صادق نے بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کے مجموعی مالیاتی و ترقیاتی اقدامات کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خطیر حجم کا عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا اور حکومت کی کوششوں سے امن کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔
انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے تاجروں کے لیے فکسڈ ٹیکس نظام کے تحت ایک فیصد ٹرن اوور ٹیکس کی تجویز اور رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے اقدامات مثبت ہیں، جبکہ شفافیت کے لیے جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کے لیے حکومتی پروگراموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنی تربیت کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے جبکہ خواتین کی معاشی شمولیت کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی سہولیات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مقامی سطح پر فوڈ پروسیسنگ یونٹس کے قیام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے خواتین کی بااختیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک بااختیار خاتون پورے معاشرے کو مضبوط بناتی ہے۔











