اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی کرن عمران ڈار نے بجٹ 2026-27 پر بحث کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات اور عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس میں تنخواہ دار طبقے، پنشنرز، تعلیم، صحت اور صنعت و تجارت کے شعبوں کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
کرن عمران ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی جانب گامزن ہے جبکہ حکومت کی کامیاب سفارت کاری اور قومی قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی دفاع، معیشت اور خارجہ محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف، تعلیم کے لیے 46 ارب روپے، صحت کے لیے 25.1 ارب روپے اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے 6.6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے لیے 50 ارب روپے کے خصوصی فنڈز مختص کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ قومی مفاد، معاشی استحکام اور جمہوری اقدار کو ترجیح دی ہے اور ملک کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔











