صحت بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے اور اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اضافی فنڈز مختص کیے جانے چاہئیں، علی موسیٰ گیلانی

3

اسلام آباد، 17 جون )اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی نے صحت کے شعبے میں مزید بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحت بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے اور اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اضافی فنڈز مختص کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں ہونی چاہیے تاکہ عام شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

بدھ کے روز  قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے علی موسیٰ گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک اہم سماجی تحفظ کا منصوبہ ہے، جس نے خواتین کو بااختیار بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے سفارش کی کہ اس پروگرام میں صحت کی سہولیات کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تاکہ مستحق خاندانوں کو مزید جامع ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر ساکھ بہتر ہوئی ہے اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا، جس سے معیشت کو مزید استحکام ملے گا۔

علی موسیٰ گیلانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور آج دنیا بھر میں پاکستان کو ایک مضبوط اور باوقار ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔