حکومت نے معاشی بحران سے نکل کر معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا، ڈاکٹر شزرہ منصب علی خان کھرل

5

اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر شزرہ منصب علی خان کھرل نے اسلام آباد امن معاہدے کو پاکستان کی ایک تاریخی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی بحران سے نکل کر معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے، مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں اور پاکستان کی عالمی ساکھ میں بہتری آئی ہے۔

 انہوں نے آبی تحفظ کو قومی سلامتی کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے مزید آبی ذخائر اور ڈیموں کی تعمیر پر زور دیا۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے گرین پاکستان پروگرام، گرین اسکلز پروگرام اور قومی شہری لچک حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے قابل تجدید توانائی کے آلات پر ٹیکسوں میں کمی اور وفاقی و صوبائی موسمیاتی فنڈز کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے ننکانہ صاحب میں رہائشی کالونی کے قیام اور بوچیکی و سیدوالہ کو گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔