اسپیکر قومی اسمبلی سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات، “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کو عالمی امن کے لیے تاریخی پیش رفت قرار

3

اسلام آباد، 18 جون (اے پی پی) :اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنیسکو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور رومانیہ کے مابین دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور رومانیہ کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” نے پاکستان کو عالمی سطح پر امن کے قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر منوایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیشتر ممالک نے پاکستان کے مؤقف اور سفارتی کاوشوں کی حمایت کی ہے۔

اسپیکر نے امریکہ اور ایران کے درمیان “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کو علاقائی و عالمی امن کے لیے تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی سفارت کاری کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی سفارتی کردار کی عکاس ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ معاہدے نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنیسکو نے عالمی امن اور بین الاقوامی تعاون کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی امور میں ذمہ دار اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے۔

اس موقع پر رومانیہ کے سفیر نے پاکستان کے قومی ترانے کا اردو اور رومیائی زبان میں کورل انداز میں تیار کردہ خصوصی ورژن اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی ترانے کا ترجمہ شدہ کورل ورژن پاکستان اور رومانیہ کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کی خوبصورت علامت ہے۔