اٹلی سے پاکستانی تاریخی نوادرات کی وطن واپسی

15

روم،18جون(اے پی پی): اٹلی کی دوست ریاست کے وزارتِ معیشت و خزانہ کے ماتحت ادارے گارڈیا دی فینانزا  کی جانب سے بازیاب کرائے گئے سات (7) تاریخی نوادرات پاکستان کو واپس منتقل کر دیے گئے ہیں۔ یہ نوادرات اپریل 2025 میں پاکستان کے قونصل خانہ جنرل، میلان کے حوالے کیے گئے تھے اور آج اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

پاکستانی سفارت خانہ، روم سے جاری کردہ میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2025 میں نوّے (90) تاریخی نوادرات پاکستان کے حوالے کیے گئے تھے، جنہیں 2007 میں اٹلی کی وزارتِ ثقافت کے تحت قائم کارابینیری کمانڈ برائے تحفظِ ثقافتی ورثہ (Carabinieri Command for Protection of Cultural Heritage) نے ضبط کیا تھا۔

پاکستان اور اٹلی دونوں دنیا میں تاریخی ورثے، آثارِ قدیمہ کے مقامات، عجائب گھروں اور ثقافتی ذخائر کے اعتبار سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک آثارِ قدیمہ کی تحقیق، ثقافتی ورثے کے تحفظ، استعداد کار میں اضافے اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں دوطرفہ تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

پاکستان اور اٹلی کے درمیان آثارِ قدیمہ کے شعبے میں تعاون کی ایک طویل اور قابلِ فخر تاریخ موجود ہے۔

پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کی آماجگاہ اور حقیقی معنوں میں ایک “گہوارۂ تہذیب” ہے۔

اٹلی سے اسمگل شدہ پاکستانی ثقافتی ورثے کی بازیابی اور وطن واپسی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر نظام، ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم، اور پاکستان و اٹلی کے درمیان مثالی سفارتی تعاون کی روشن علامت ہے۔

پاکستانی سفارت خانہ کارابینیری کمانڈ برائے تحفظِ ثقافتی ورثہ، گارڈیا دی فینانزا اور اٹلی کی وزارتِ ثقافت کے دفتر برائے برآمدی اجازت نامہ(آفس آف ایکسپورٹ  لائسنسنگ)کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے، جنہوں نے ان قیمتی اور ناقابلِ بدل تاریخی نوادرات کی بازیابی، ضروری دستاویزی کارروائی کی تکمیل اور ان کی کامیاب وطن واپسی کو یقینی بنانے میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔