لاہور، 18 جون ( اے پی پی ): وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان سے چائنیز قونصلیٹ جنرل سن یان نے ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ باہمی تعلقات پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے چائینز کمپنیوں کو ای وی چارجنگ اسٹیشنز اور الیکٹرک وہیکلز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ صوبے میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم لانے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، پہلے فیز میں 1100 الیکٹرک بسیں شامل ہیں۔2000 مزید بسوں سے تحصیل کی سطح تک الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔ ای بسوں کی چارجنگ کیلئے گرین بس ڈپوز بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کے منصوبے سے عوام میں غیر معمولی خوشی دیکھنے کو ملی ہے۔حکومت پنجاب کی پوری توجہ گرین ٹرانسپورٹ سسٹم کی طرف ہے۔ بائیکس سکیم کے دوسرےفیز میں 1 لاکھ ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ اور سستی و معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ای ٹیکسی سکیم بھی جاری ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ پہلے فیز میں 11 سو جبکہ دوسرے فیز میں 5 ہزار گاڑیاں ای ٹیکسی سکیم کیلئے رکھی گئی ہیں۔ سموگ کے تدارک کیلئے دھواں چھوڑتی گاڑیوں کیلئے قوانین میں نئی ترامیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ کے نئے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ چائینز قونصلیٹ جنرل سن یان (Sun Yan) نے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں میں دلچپسی کا بھی اظہار کیا۔











