حفیظ الرحمن دریشک کی بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی تجویز

5

اسلام آباد ،19جون(اے پی پی): رکن قومی اسمبلی حفیظ الرحمن خان دریشک نے موجودہ بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مختلف طبقات کو ریلیف فراہم کرنے اور معیشت کو استحکام دینے کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے سفارش کی کہ ان اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

آج قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے ضلع میں تعلیم کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بے روزگاری میں کمی لائی جا سکے اور نوجوان ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی ناگزیر ہے۔

حفیظ الرحمن خان دریشک نے صحت کے شعبے میں سہولیات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند اور باصلاحیت افرادی قوت ہی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے زرعی شعبے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو معیاری بیج، کھاد، زرعی ادویات اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ ان کے پیداواری اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی مضبوطی نہ صرف کسانوں کی خوشحالی بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کی بھی ضمانت ہے، اس لیے اس شعبے کی ترقی کے لیے مزید مؤثر اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔