وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی نواز شریف میڈیکل سٹی میں سات جدید ہسپتالوں کے قیام کی منظوری، 110 ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

5

 لاہور، 19 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل آرتھوپیڈک اینڈ میڈیکل ری ہیب اور چلڈرن ہسپتال فور کے قیام کی منظوری دے دی ۔جن میں پلاسٹک ری کنسٹرکٹو سرجری اینڈ برن سینٹر، انسٹیٹیوٹ آف جینیٹک اینڈ بلڈ ڈیزیز، سنٹر آف ایکسی لینس نرسنگ اینڈ مڈوائفری، انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمالوجی اور انفیکشن ڈیزیز ہسپتال بھی قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP)

سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف میڈیکل سٹی میں مرحلہ وار 1519 بستروں پر مشتمل سات بڑے جدید ہسپتال تعمیر کیے جائیں گے تاکہ عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 19 سال بعد پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے مکمل طور پر فعال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل اور پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر ذیشان حنیف کی کاوشوں کو سراہا۔

اجلاس میں پنجاب بھر کے لیے 110 مجوزہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پہلی مرتبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت طلبہ کے لیے ہاسٹل قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ سڑکوں، ٹرکنگ ٹرمینلز، بس اسٹینڈز، ماڈل بازاروں اور فوڈ اسٹریٹس کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چار منصوبے کامیابی سے فعال ہو چکے ہیں جبکہ 27 منصوبوں کی فزیبلٹی مکمل کر لی گئی ہے اور دیگر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پلان میں وزیراعلیٰ پنجاب کے چار بڑے فلیگ شپ منصوبے بھی شامل ہیں جن میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں ایف ایم ڈی پروڈکشن پلانٹ، ٹائم ٹریول پارک لاہور، شریمپ فارمنگ اور مائنز ٹو میٹل چنیوٹ منصوبہ شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا سفر ہر صورت جاری رہے گا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا مقصد ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کو مؤثر انداز میں شریک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وژن کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔