اسلام آباد جون 20:)(اے پی پی ): قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آغاز پر اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کو بجٹ بحث کے دورانیے اور مختلف پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے استعمال کیے گئے وقت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اسپیکر نے بتایا کہ بجٹ بحث کے لیے 40 گھنٹے مختص کیے گئے تھے، تاہم اراکین کی بھرپور شرکت کے باعث مجموعی طور پر 53 گھنٹے 31 منٹ تک بحث جاری رہی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف جماعتوں کو ان کے پارلیمانی حجم کے مطابق وقت دیا گیا تھا، تاہم بعض جماعتوں نے اپنے مقررہ وقت سے کہیں زیادہ وقت استعمال کیا۔
انہوں نے اپوزیشن بنچوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت کو 9 گھنٹے 32 منٹ کا وقت مختص کیا گیا تھا لیکن اس کے اراکین نے 14 گھنٹے 41 منٹ گفتگو کی، جو مقررہ وقت سے 5 گھنٹے 41 منٹ زائد ہے۔
اسپیکر نے بتایا کہ بجٹ بحث کے دوران مجموعی طور پر 67 ارکان نے اظہارِ خیال کیا، جبکہ متعدد ارکان کو بار بار موقع فراہم کرنے اور رابطہ کرنے کے باوجود وہ ایوان میں اپنی رائے پیش کرنے کے لیے موجود نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے پارلیمانی قیادت سے بھی رابطے کیے جاتے رہے تاکہ جو ارکان اب تک اظہارِ خیال نہیں کر سکے، انہیں بھی موقع دیا جا سکے۔ اسپیکر نے ارکان پر زور دیا کہ وہ بجٹ جیسے اہم قومی معاملے پر اپنی آراء ایوان میں ضرور پیش کریں۔











