کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو بڑا جھٹکا، کور کمیٹی ممبر ایڈووکیٹ راجہ امجد علی خان کا لاتعلقی کا اعلان

8

مظفرآباد، 20 جون ( اے پی پی )؛آزاد کشمیر کی کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو بڑا جھٹکا لگ گیا۔ ممبر کور کمیٹی ایڈووکیٹ راجہ امجد علی خان نے ویڈیو بیان میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں راجہ امجد علی خان نے کہا کہ ہماری پرامن تحریک کا رخ موڑ کر اسے پاکستان اور کشمیر کے رشتے کو ختم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سادہ لوح نوجوانوں کو جیلوں میں پہنچایا گیا اور خود پسِ پردہ ڈیل کی گئی۔ایڈووکیٹ امجد علی خان نے آزاد کشمیر کے نوجوانوں سے اپیل کی: خدارا، آزاد کشمیر کے نوجوان اپنے مستقبل کو اس طرح کی سرگرمیوں کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف اٹھنے والی کسی آواز یا کسی قوم پرست تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بیرونی اشاروں پر آزاد کشمیر میں افراتفری اور قتل و غارت پھیلانے والی انتشاری کمیٹی سے اس کے اپنے ارکان بھی لاتعلقی کا اعلان کر رہے ہیں۔ آزاد کشمیر کے غیور عوام سے اپیل کی گئی کہ ان شرپسند عناصر کے پروپیگنڈے اور گمراہ کن بیانیے میں نہ آئیں، ان کا عوامی مفاد سے کوئی تعلق نہیں۔ماہرین کے مطابق ممبر کور کمیٹی امجد علی خان ایڈووکیٹ کی لاتعلقی کا اعلان کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے لیے بڑا جھٹکا ہے۔ امجد علی خان ایڈووکیٹ کالعدم تحریک کے روح رواں سمجھے جاتے تھے۔ انہوں نے پاک فوج اور پاکستان کے خلاف بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے انتشاری کمیٹی سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امجد علی خان ایڈووکیٹ کالعدم تحریک کے قانونی مشیر بھی تھے جس سے اب کالعدم کمیٹی کے لیے مشکلات بڑھ جائیں گی۔