اسلام آباد، جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے بچت کے حوالے سے جامع اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے قدرتی آفات کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا اور 2025 کے سیلاب کے دوران لاکھوں افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ ہزاروں ٹن امدادی سامان پہنچایا گیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضے بھی فراہم کئے گئے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بیوروکریسی میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کا عمل جاری ہے جبکہ پنجاب میں بدعنوانی کی سطح کم ترین سطح پر ہے اور پنجاب کے ماڈل کو ملک کے دیگر حصوں میں بھی اختیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات کے نتیجے میں امتحانات کی مدت 18 ماہ سے کم کرکے 8 سے 9 ماہ تک کر دی گئی ہے جبکہ عمر کی بالائی حد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری میں سہولت کاری فراہم کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو تیسری بار مذاکرات کی دعوت دی ہے اور قومی مسائل کے حل اور سیاسی استحکام کے لئے بات چیت کا عمل آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کا راستہ مذاکرات اور باہمی افہام و تفہیم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کامیابیوں سے ملک کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے اور انشاء اللہ پاکستان کو مزید مضبوط اور عظیم بنایا جائے گا۔











