پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس

3

لاہور، 23 جون ( اے پی پی ) :وز یر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں پیش ر فت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ مہرین فہیم عباسی اور نیسپاک کے نمائندوں نے صوبائی وزیر کو پی ڈی پی پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ “مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام ایک گیم چینجر ہے جو پنجاب کے شہروں کو جدید میونسپل سہولیات کی فراہمی کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی مجموعی طور پر 51 شہروں میں ترقیاتی سکیمیں شروع ہوچکی ہیں۔ 49 شہروں میں 105 واٹر سٹوریج ٹینک بنائے جا رہے ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت 114 ڈرینز پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اب تک 40 واٹر سٹوریج ٹینکس اور 23 ڈرینز کا سو فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 47 زیر زمین سٹوریج ٹینکس اور 27 ڈرینز کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔ ذیشان رفیق نے اس امید کا اظہار کیا کہ موسم برسات سے قبل ان ڈرینز اور ٹینکس کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔ اجلاس میں محرم روٹس میں آنے والی سائٹس پر کام میں تعطل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ جو ڈرین مکمل ہو جائے اسے فورا انڈرگراؤ نڈ ٹینک سے منسلک کر دیا جائے تاکہ برساتی پانی کے نکاس میں آسانی ہو۔