ملتان۔وہاڑی روڈ منصوبے کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کمشنر عامر کریم خاں

2

ملتان,24 جون) اے پی پی): کمشنر ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان۔وہاڑی روڈ منصوبے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری تعمیراتی کاموں، رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان۔وہاڑی روڈ جنوبی پنجاب کا ایک اہم ترقیاتی منصوبہ ہے جو نہ صرف سفری سہولیات میں بہتری لائے گا بلکہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

 انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے سڑک کے اطراف ٹف ٹائلز، نکاسی آب کے نظام (ڈرینج) اور دیگر سہولیات کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پائیدار اور معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 کمشنر نے تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی  ضرورت پر بھی زور دیا۔