سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ

3

اسلام آباد جون،24 )اے پی پی ): سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا اور 55ویں پی این سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔

سربراہ پاک بحریہ نے اس موقع پر کہا کہ مستقبل کی جنگیں روایتی جنگی حکمت عملیوں پر نظرثانی کی متقاضی ہیں اور ہمیں تکنیکی طور پر ماہر اور فکری طور پر مضبوط افرادی قوت تیار کرنا ہو گی۔انہوں نے جدید جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت اور ابھرتے ہوئے بحری سکیورٹی چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے روایتی اور غیر روایتی دونوں خطرات سے نمٹنے کے لیے موافق حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 نیول چیف نے پاک بحریہ کے جدید کاری، خود انحصاری اور جوائنٹ آپریشنز کے عزم کا اعادہ کیا اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی سٹریٹیجک بصیرت اور آپریشنل دور اندیشی کو بڑھائیں۔

بحری چیلنجز پر بات کرتے ہوئے ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ بحر ہند کا خطہ غیر مستحکم اور متنازعہ ہے، جہاں بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل حرکیات اور طاقت کی مسابقت علاقائی سکیورٹی ماحول پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

اپنے اختتامی کلمات میں سربراہ پاک بحریہ نے شرکاء کو پی این سٹاف کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور انہیں مستقبل کی تعیناتیوں میں پیشہ ورانہ مہارت، تجزیاتی گہرائی اور جدت کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔