اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی ): سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور کشمیر کے حالات میں بہتری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے محبت، برداشت اور مثبت طرز عمل کی ضرورت ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک حساس خطہ ہے اور اس حوالے سے گفتگو کرتے وقت ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور کشمیری عوام کے جذبات کا احترام سب کی ذمہ داری ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کشمیر کے عوام پاکستان کے بہت قریب ہیں اور ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور پارٹی قیادت نے ہمیشہ کشمیر کے عوام کے حقوق اور ان کے جذبات کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری جہاں بھی آباد ہیں وہ ہمارے دلوں کے قریب ہیں اور باہمی احترام، محبت اور ذمہ دارانہ طرز عمل کے ذریعے مثبت ماحول کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔











