وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا  سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ نویں محرم کے مرکزی جلوس کا دورہ

3

اسلام آباد، 25 جون  (اے پی پی ): وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ نویں محرم کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیرِ مملکت نے جلوس کے سیکیورٹی پلان، داخلی و خارجی راستوں، نگرانی کے نظام اور عزاداروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر مامور افسران کو ہدایت کی کہ عزاداروں کے لیے ہر ممکن سہولت اور محفوظ ماحول یقینی بنایا جائے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی مرکزی کنٹرول روم سے ملک بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جامع اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات نافذ کر رکھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جلوس کی مانیٹرنگ جدید سرویلنس سسٹم، سیف سٹی کیمروں اور کنٹرول روم کے ذریعے مسلسل کی جا رہی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر جامع چیکنگ کا مؤثر نظام بھی نافذ ہے تاکہ عزاداروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔