ملتان: یومِ عاشورہ پر جی او سی کا سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، کنٹرول رومز کا دورہ

3

ملتان (26 جون 2026):یوم عاشورہ کے موقع پر امن و امان کے قیام اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) پاک آرمی نے ملتان میں ڈپٹی کمشنر آفس کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

 اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور آر پی او ملتان عثمان گوندل نے انہیں محرم الحرام کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات، جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ، ٹریفک پلان اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ جی او سی نے کنٹرول روم میں قائم جدید مانیٹرنگ سسٹم اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے نظام کا جائزہ لیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام سول، عسکری اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کے لیے مرکزی کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رکھا گیا ہے۔دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے بھی سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہر بھر میں نصب کیمروں کے ذریعے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات اور مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے سکیورٹی پر مامور تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔