ملتان ،28 جون (اے پی پی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے اتوار کے روز شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے جاری منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور رفتار کا جائزہ لیا جبکہ متعلقہ افسران نے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کمشنر ملتان نے ملتان ایونیو منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام نو سیکشنز پر بیک وقت کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے۔ انہوں نے محکمہ ہائی ویز کو ہدایت کی کہ ہر سیکشن کی مؤثر اور مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، جبکہ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو گرین بیلٹس کی تیاری، شجرکاری اور لینڈ اسکیپنگ کا کام جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔
بعدازاں کمشنر نے کمپری ہینسو اسکول روڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ روڈ کے میڈین میں بارہ فٹ قد آور اور سایہ دار درخت لگائے جائیں تاکہ منصوبہ شہریوں کو بہترین ماحول فراہم کر سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سڑک کی کارپٹنگ، فائنل فنشنگ اور دیگر تمام باقی ماندہ کام 10 جولائی تک مکمل کیے جائیں۔
کمشنر عامر کریم خاں نے خورشید کالونی روڈ منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور واضح ہدایت کی کہ منصوبہ ہر صورت 10 جولائی تک مکمل کیا جائے، مقررہ ٹائم لائن میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے برینڈ روڈ کا بھی معائنہ کیا، تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور بروقت رپورٹنگ کے ذریعے منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل اولین ترجیح ہے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن، ایس ای ہائی ویز غلام نبی، ایم ڈی ہارٹیکلچر اتھارٹی سید وسیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔











