اسلام آباد، 30جون )اے پی پی ) : پاکستان کے عظیم مصور، خطاط اور شاعر صادقین کے 96ویں یومِ پیدائش کے موقع پر پاکستان پوسٹ نے ایک یادگار تقریب میں یادگاری ڈاک ٹکٹ اور صادقین کے فن پاروں پر مبنی دنیا کے طویل ترین یادگاری اسٹامپ آرٹ ورک کی رونمائی کر دی۔
یہ پروقار تقریب پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA)
کی صادقین گیلری، اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں گیلری 21 اسلام آباد، صادقین فاؤنڈیشن امریکا، فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات، سفارت کاروں، دانشوروں اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل اسکواڈرن لیڈر (ر) مقصود احمد نے گیلری 21 اسلام آباد کے بانی ڈاکٹر فرخ سیر کو یادگاری ڈاک ٹکٹ پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرخ سیر نے پاکستان پوسٹ کی اس شاندار کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ہیروز اور عظیم فنکاروں کی یاد کو زندہ رکھنا ایک قابلِ تحسین خدمت ہے۔
انہوں نے ڈاکٹر سلمان احمد، ڈائریکٹر صادقین فاؤنڈیشن، کی بھی بھرپور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ صادقین کے فن اور ورثے کو آئندہ نسلوں تک پہنچانے کے لیے مسلسل قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔











