اسلام آباد ، 30 جون ( اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بہبود آبادی پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ تیزی سے بڑھتی آبادی قومی وسائل پر دباؤ اور ترقی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔
وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد بلانے اور تنظیمی ڈھانچہ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وہ خود کونسل کی سربراہی کریں گے۔ کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے جوڑا جائے گا۔ خواتین کی تعلیم اور معاشی بااختیاری آبادی پر قابو کی حکمت عملی کا اہم جزو ہو گی۔ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران کے کامیاب پروگراموں کا بھی ذکر کیا گیا۔ کونسل کا سیکریٹریٹ وزارت منصوبہ بندی ہو گا۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزراء خواجہ آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، بلال اظہر کیانی اور اعلیٰ افسران شریک تھے۔











