ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس، ہسپتالوں کی ضروریات کے لیے بجٹ کی منظوری

3

لودھراں،06 جولائی( اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل ہسپتالز کا اجلاس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں منعقد ہوا، جس میں سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بہتری، ادویات، آلاتِ جراحی، سول ورک، جدید ڈیجیٹل آلات اور دیگر ضروریات کے لیے بجٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اورنگزیب، ڈاکٹر قربان حسین، ڈاکٹر خاور، چیف آفیسر عمر مختار، لال نند، عابد منگلا اور دیگر متعلقہ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایجنڈے میں شامل تمام نکات پر تفصیلی غور کیا گیا اور ہسپتالوں کی ضروریات سے متعلق مختلف تجاویز کی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے لیے مختص فنڈز شفاف انداز میں اور صرف مقررہ مقاصد کے لیے استعمال کیے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں جدید ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں، اس لیے تمام ڈیجیٹل آلات ہر وقت فعال حالت میں ہونے چاہییں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خریدی گئی مشینری کی بروقت اور مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ طبی خدمات میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

محمد اشرف نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔