چولپون۔آتا، کرغزستان،06 جولائی ( اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کرغز جمہوریہ آمد کے فوراً بعد اپنے کرغز ہم منصب صدر سادر جباروف کے ہمراہ چولپون۔آتا میں واقع معروف ‘رخ اوردو’ کلچرل سینٹر کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران صدر زرداری کو کرغز جمہوریہ کے بھرپور ثقافتی ورثے، تاریخ اور روایات کی علامت کے طور پر اس کلچرل سینٹر کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دونوں صدور نے ثقافتی کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ثقافتی تبادلوں کے ذریعے ملکوں کے مابین افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں ایک روایتی ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا، جس میں کرغز جمہوریہ کی متحرک لوک موسیقی، رقص اور فنکارانہ روایات کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ صدر زرداری نے اس پرجوش مہمان نوازی کو سراہا اور کرغز عوام کے شاندار ثقافتی ورثے کی تعریف کی۔
بعد ازاں، صدر زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک ضیافت (بینکوئٹ) کا اہتمام بھی کیا گیا، جس کے دوران پاکستان اور اس کے عوام کے نام وقف روایتی کرغز موسیقی پیش کی گئی۔ یہ پرفارمنسز میزبان ملک کے پُرخلوص استقبال اور پاکستان اور کرغز جمہوریہ کے مابین لازوال دوستی کی عکاس تھیں۔











