صدر  آصف علی زرداری کی کرغز ہم منصب  سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

7

بشکیک،7جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے اعلیٰ سطح کے ایک وفد کے ہمراہ اپنے سرکاری دورہ کرغزستان کے دوران منگل کو جمہوریہ کرغزستان  کے صدر سادیر ژاپاروف نورگوجوئیوچ سے ملاقات کی ہے۔

 صدر مملکت کا یہ دورہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور آزمودہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ تاریخ اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

ملاقات سے قبل رخ اوردو کلچرل سینٹر میں صدر مملکت کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا اور تجارت، توانائی، رابطہ سازی، سیاسی و تجارتی تعاون، ثقافت، تعلیم، عوامی روابط اور کاسا-1000 منصوبے پر پیش رفت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر غور کیا۔ اس موقع پر اقتصادی، ثقافتی، بین الپارلیمانی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری نے دسمبر 2025ء میں کرغز صدر کے سرکاری دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں کسی بھی کرغز صدر کا یہ پہلا دورہ پاکستان تھا جس نے دوطرفہ تعلقات میں نئی روح پھونک دی اور اس کے نتیجے میں 16 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ‘‘وژن سینٹرل ایشیا’’  پالیسی میں کرغزستان کو اہم مقام حاصل ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کرغز صدر کو 28 ۔  2027 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر کرغزستان کے تاریخی انتخاب پر مبارکباد بھی پیش کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر جمہوریہ کرغز کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی پیش رفت کے بارے میں باہمی مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے پارلیمانی، دفاعی، سکیورٹی اور تزویراتی پالیسی کے شعبوں میں تبادلوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ دونوں رہنمائوں نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مذاکرات کے ذریعے امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر جمہوریہ کرغز کی وزارت صحت اور پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر کرغز وزیر صحت دامیربیک عثمانوف اور پاکستان کے وزیر مملکت برائے قومی صحت خدمات ڈاکٹر مختار بھرتھ نے دستخط کیے۔ بعد ازاں دونوں صدور نے اس موقع پر ایک مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کیے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ڈاکٹر عاصم حسین، صدر مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی اور کرغزستان میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد کرغز صدر کی جانب سے صدر پاکستان کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ بھی دیا گیا۔