برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے وفد کا محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ

2

لاہور، 7 جولائی( اے پی پی):برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، بارڈر سکیورٹی، جیل اصلاحات، شدت پسندی اور منشیات کے انسداد سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وفد میں فرسٹ سیکرٹری جسٹس اینڈ ہوم افیئرز جیما ولسن، سربراہ برٹش ہائی کمیشن لاہور بین وارنگٹن اور پروگرام آفیسر صدیقہ بتول شامل تھے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم عاصمہ اعجاز چیمہ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سکیورٹی عظمیٰ سلیم، ایڈیشنل سیکرٹری فنانشل ایکشن ٹاسک فورس عائشہ ممتاز، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عبدالرؤف اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ س

یکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے وفد کو محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبے کو مزید محفوظ بنا رہی ہے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الصوبائی بارڈر سکیورٹی کے مؤثر نظام کیلئے 14 جدید چیک پوسٹس کی تعمیر حتمی مراحل میں ہے۔

 سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کا تحفظ اور ان کی فلاح وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا سائبر پٹرولنگ سیل مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 22 ارب روپے کی لاگت سے امام مسجد صاحبان کیلئے 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جیل ریفارمز ایجنڈا کے تحت اسیران کی بحالی کیلئے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں اور انہیں تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے معاشی خودکفالت کے قابل بنانے کے ساتھ معاشرے کا مفید شہری بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جبکہ اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد رضاکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے اور ان کی مرحلہ وار تربیت کا عمل جاری ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ شدت پسندی کی روک تھام کیلئے سینٹر فار ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم متحرک ہے جبکہ منشیات کی روک تھام کیلئے تادیبی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھرپور عوامی آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نیشنل سکیورٹی کے ساتھ ساتھ معصوم بچوں کے تحفظ اور ان کی فلاح کیلئے بھی مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔

 برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے وفد نے پنجاب حکومت کی جانب سے معاشرتی فلاح کے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے اپنے دورے کے دوران اسیران کی جانب سے تیار کردہ مختلف مصنوعات کا بھی جائزہ لیا اور اسیران کی بحالی و ہنرمندی کے پروگرام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔