اسلام آباد، 9 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ کروشیا کے وزیر برائے خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم نے کروشیا کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے تجارت و سرمایہ کاری، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، روابط، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
کروشیا کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقائی امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔











