اسلام آباد، 9جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے حلقہ نمبر 4 کھڑی شریف میں ممتاز سیاسی شخصیات، اہم دھڑوں اور عوامی نمائندوں کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اس بات کا واضح اظہار ہے کہ عوام ترقی، استحکام اور خدمت کی سیاست پر اعتماد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بڑی سیاسی شمولیتوں سے حلقے کا سیاسی منظرنامہ تبدیل ہو گیا ہے اور مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط قوت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے اعلان سے قبل حلقہ نمبر 4 کھڑی شریف میں مسلم لیگ (ن) نے ایک بڑی سیاسی کامیابی حاصل کر لی، جہاں سابق ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر چوہدری محمد اعظم مرحوم کے خاندان، محسن کھڑی شریف چوہدری محمد منیر مرحوم کی فیملی، مرزا مظفر فیملی، چیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا سمیت متعدد اہم سیاسی شخصیات نے اپنی سابقہ سیاسی وابستگیاں ختم کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسمبلی و سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی موجودگی میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے پارٹی میں شامل ہونے والی شخصیات کو خوش آمدید کہا اور انہیں مسلم لیگ (ن) کے مفلر پہنائے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما عابد رضا کوٹلہ، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، صدر ضلع میرپور مسلم لیگ (ن) چوہدری جاوید قادر، راجہ سبطین اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں چیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا، چیئرمین یونین کونسل ساہنگ چوہدری محمد ارفاق اور ان کے سینکڑوں ساتھی شامل ہیں، اس کے علاوہ سابق ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر چوہدری محمد اعظم مرحوم کے صاحبزادے و ممبر ضلع کونسل چوہدری بنارس اعظم ایڈووکیٹ، چوہدری ریاض اعظم، سابق مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ایس ایف مسلم کانفرنس و سابق صدر ینگ لائرز میرپور شیرباز منیر چوہدری ایڈووکیٹ، سابق ممبر ضلع کونسل مرزا مظفر، ممبر ضلع کونسل مرزا ربنواز مظفر، راجہ محسن کوآرڈینیٹر ضلع کونسل اور سابق امیدوار ڈسٹرکٹ کونسل چوہدری سراج الحق بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں چوہدری اور ملک برادری سے تعلق رکھنے والی متعدد سرکردہ شخصیات، جن میں چوہدری نواز ریاض ایڈووکیٹ، چوہدری صدام حسین، چوہدری عبدالغفار نثار، چوہدری نعمان گلزار، چوہدری فرہاد نثار، چوہدری ساجد محمود، ملک ریاض اور دیگر درجنوں رہنما شامل ہیں، نے بھی مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں عوامی خدمت اور ترقیاتی سیاست کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی شریف کی معتبر سیاسی شخصیات کی شمولیت سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ عوام انتشار نہیں بلکہ ترقی اور استحکام چاہتے ہیں۔











