لاہور، 10 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے قرآن کمپلیکس اپر مال لاہور میں چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ حافظ زبیر حسن کے ہمراہ پنجاب قرآن بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں آٹھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور قرآن مجید کے تحفظ، طباعت اور ترویج سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں علما کرام پر مشتمل پانچ خصوصی کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ ایک کمیٹی طباعتی اداروں کی بطور ناشر رجسٹریشن سے متعلق معاملات کا جائزہ لے گی، دوسری قرآن مجید کی طباعت میں اغلاط کی نگرانی کرے گی، جبکہ تیسری کمیٹی سوشل میڈیا پر قرآنی آیات کی بے حرمتی اور نفرت انگیز مواد پر نظر رکھے گی۔ ایک خصوصی کمیٹی این سی سی آئی اے کے پاس موجود قرآن مجید کے نسخوں کو غسل دے کر محفوظ بنانے اور متعلقہ قانون میں ضروری ترامیم کی سفارشات بھی مرتب کرے گی۔
بورڈ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی متنازعہ کتاب “اجنبیت” پر پابندی عائد کرنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی، جبکہ فوری نوعیت کے معاملات کے حل کے لیے قرآن بورڈ میں ایک خصوصی سیل قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات کی ترویج ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور اسے ترجمے کے ساتھ سمجھ کر پڑھنے کے رجحان کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے علما کرام پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پر قرآنی آیات کی بے حرمتی اور اشتعال انگیز مواد کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کمپلیکس کو اسلامی تعلیمات کے فروغ کا مؤثر مرکز بنایا جائے گا اور یہاں خاتم النبیین یونیورسٹی کے قیام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ حافظ زبیر حسن نے کہا کہ قرآن مجید کا تحفظ ہمارا دینی، ایمانی اور شرعی فریضہ ہے اور پنجاب قرآن بورڈ اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے گا۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ بورڈ کی سفارشات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں بورڈ ممبران کے اعزازیے میں اضافے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، چیئرمین پنجاب متحدہ علماء بورڈ مفتی انتخاب احمد نوری، ڈی جی مذہبی امور حافظ انیس الرحمن اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔











