وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کی سعودی فیملی افیئرز کونسل کی سیکرٹری جنرل سے ملاقات

13

اسلام آباد، 12 جولائی ( اے پی پی):  وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ سے مملکت سعودی عرب کی فیملی افیئرز کونسل کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر میمونہ الخلیل نے ملاقات کی ہے، دورانِ ملاقات خواتین کے حقوق، خاندانی نظام اور او آئی سی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سعودی عرب کی سماجی و اقتصادی اصلاحات اور خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور باہمی تجربات کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو تعلیم، وراثت، کاروبار اور معاشرتی زندگی میں بھرپور حقوق عطا کیے ہیں۔حضرت خدیجہؓ، حضرت عائشہؓ اور حضرت فاطمہؓ خواتین کے لیے بہترین نمونہ ہیں۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے خاتون وزیرِاعظم منتخب کی، جبکہ آج خواتین قومی ترقی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔

پاکستان اور مملکت سعودی عرب نے او آئی سی پلیٹ فارم پر خواتین کو بااختیار بنانے، خاندانی نظام کے استحکام اور مشترکہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔