اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ: نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان معاہدہ طے

5

اسلام آباد،15 جولائی(اے پی پی ):  نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط  بدھ کو ، نجکاری کمیشن آف پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے مابین ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کے معاہدے (TASA) پر دستخط ہوئے جس کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر کے طور پر کام کرے گا۔ معاہدے پر مس ایما فین، کنٹری ڈائریکٹر، ایشیائی ترقیاتی بینک، پاکستان ریزیڈنٹ مشن، اور جناب شاہد دایو، ڈائریکٹر جنرل، نجکاری کمیشن نے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کیے۔

 دستخط کی تقریب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن جناب محمد علی؛ سیکرٹری نجکاری کمیشن، جناب عثمان اختر باجوہ؛  سیکرٹری نجکاری ڈویژن، جناب حماد شمیمی؛  جناب سید حسین حیدر، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر، ایشیائی ترقیاتی بینک، پاکستان ریذیڈنٹ مشن؛ کے علاوہ نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

 معاہدے کے تحت، ایشیائی ترقیاتی بینک لین دین کی جامع مشاورتی خدمات فراہم کرے گا، جس میں تکنیکی، مالی، قانونی، ماحولیاتی، اور تجارتی مہارت پر مبنی خدمات فراہم کی جائیں گی جس سے بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق لین دین کو عملی جامہ پہنانے میں معاونت حاصل ہو گی۔  ایشیائی ترقیاتی بینک کی خدمات کے تحت ایک شفاف، مسابقتی، اور مارکیٹ کے مطابق نجکاری کے عمل میں سہولت فراہم ہو گی جس سے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے معروف آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی ۔

 معاہدے پر دستخط حکومت کے نجکاری پروگرام کے نفاذ میں ایک اہم سنگ میل کی مانند ہیں. یہ معاہدہ حکومت پاکستان کی جانب سے شفافیت، مسابقت اور قدر کو یقینی بناتے ہوئے نجی شعبے کے اشتراک سے اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی کارکردگی، سروس کے معیار اور طویل مدتی پائیداری کو بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔