شزا فاطمہ خواجہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ چین پہنچ گئیں، شنگھائی میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی

6

اسلام آباد،16جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ چین پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ شنگھائی میں ہونے والی اہم سرگرمیوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

شنگھائی کے دورے کے دوران وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ انتہائی فعال اور کلیدی کردار ادا کریں گی۔ وہ ورلڈ اے آئی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ ورلڈ اے آئی کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO)

کے قیام کے لیے ہونے والے اہم تکنیکی مذاکرات میں بھی شریک ہیں۔

دورۂ چین کے دوران وفاقی وزیر عالمی ٹیکنالوجی رہنماؤں، مختلف ممالک کے وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گی، جن میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تعاون، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور باہمی شراکت داری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔